قیامت کا دن بڑا سخت ہولناک دن ہے۔ اس کی دہشت اور خوف سے دل دہلیں گے ۔ زمین و آسمان ، جن و انسان اور فرشتے غرض تمام کائنات فنا ہو جائے گی۔ آسمان شق ہو جائے گا، زمین پر کوئی عمارت باقی نہ رہے گی۔ پہاڑ دھنکی ہوئی اون کی طرح اڑے پھریں گے۔ آسمان کے تارے بارش کے قطروں کی طرح زمین پر گر پڑیں گے، ایک دوسرے سے ٹکرا کر ریزہ ریزہ ہو کر فنا ہو جائیں گے۔ اسی طرح ہر چیز فنا ہو جائے گی اور سوائے پروردگار عالم کے کچھ باقی نہ رہے گا۔
حضرت عزرائیل کی روح کون قبض کرے گا؟
جواب :جب زمین و آسمان سب فنا ہو جائیں گے تو اللہ تعالیٰ حضرت عزرائیل علیہ السلام کو حکم
دے گا کہ جبریل کی روح قبض کر، حضرت عزرائیل ان کی روح قبض کریں گے۔ وہ ایک بڑے پہاڑ کی مانند اللہ کی پاکی بیان کرتے ہوئے سجد ے میں گر پڑیں گے۔ اسی طرح حضرت میکائیل اور اسرافیل اور عرش اٹھانے والے فرشتوں کی روح باری باری سے قبض کر لی جائے گی وہ سب بھی مر جائیں گے پھر عزرائیل علیہ السلام سے اللہ تعالیٰ فرمائے گا ’’مت‘‘ (مرجا) وہ بھی ایک بڑے پہاڑ کی مانند تسبیح کرتے ہوئے سجدے میں گر پڑیں گے اور مر جائیں گے۔