مجھے جلا دینا۔۔۔
حضرت سَیِّدُنا ابوہریرہ رضي اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اکرم صلي اللہ تعالي عليہ وسلم نے فرمایا بنی اسرائیل میں ایک شخص تھا جس نے زندگی بھر کبھی کوئی نیکی نہ کی تھی ۔ اس نے اپنے گھر والوں کو وصیت کی کہ، ''جب میں مر جاؤں تو مجھے جلا دینا اور میری آدھی راکھ جنگل میں اڑا دینا جبکہ آدھی دریا کے سپرد کر دینا ، رب تعالیٰ کی قسم ! اگر اللہ تعالیٰ نے میری گرفت کی تو وہ مجھے ایسا عذاب دے گا کہ پورے جہان میں سے کسی کو نہ دیا ہوگا۔''
جب اس شخص کا انتقال ہو گیا تو اس کی رضا کے مطابق گھر والوں نے اس کی وصیت پوری کر دی ۔ اللہ تعالیٰ نے دریا کو اس کی راکھ جمع کرنے کا حکم ارشاد فرمایا تو اس نے اپنے اندر موجود تمام راکھ جمع کردی ۔ پھر جنگل کو بھی یہی حکم دیا ، اس نے بھی ایسا ہی کیا ۔ پھراللہ عزوجل سے اس شخص سے سوال کیا کہ ،''بتاؤ ! تم نے ایسا کیوں کیا؟'' اس نے
عرض کی ،''اے میرے رب عزوجل! تو جانتا ہے کہ میں نے یہ سب کچھ فقط تیرے خوف کی وجہ سے کیا تھا ۔'' یہ سن کر اللہ تعالیٰ نے اس کی بخشش فرما دی ۔
(شعب الایمان ، جلد ۱، ص۱۹ ،رقم الحدیث ۱۰۳۷)